بھٹکل 17 / دسمبر (ایس او نیوز) کانگریس پارٹی کی الیکشن کی تیاریوں کے سلسلے میں پارٹی کارکنان اور سیاسی لیڈران حزب اختلاف کے لیڈر سدارامیا کی ضلع میں آمد کا انتظار کر رہے ہیں مگر کسی نہ کسی وجہ سے ان کا دورہ منسوخ ہوتا جارہا ہے ۔
پچھلی مرتبہ کمٹہ کے عظیم الشان عوامی اجلاس میں ان کی آمد متوقع تھی مگر عین وقت پر بینگلور میں اچانک موسم خراب ہونے اور زوردار بارش کی وجہ سے یہ دورہ منسوخ ہوا تھا ۔ اس کے بعد جنوری 1 اور 2 تاریخ کو بھٹکل کے معروف تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین کے اہم اجلاس میں چونکہ سدارامیا مدعو تھے اس لئے ان کی شرکت متوقع تھی اور سیاسی لیڈروں نے اس موقع سے فائدہ اٹھا کر ان سے ملنے اور اپنے لئے ٹکٹ کا مطالبہ سامنے رکھنے کا منصوبہ بنا رکھا تھا ۔ مگر خبر ہے سدارامیا تعلیمی ادارے کے اجلاس میں بھی شریک ہونے کے امکانات بھی نظر نہیں آرہے ہیں ۔ اس طرح دوسری مرتبہ بھی ضلع شمالی کینرا کے لئے سدارامیا کا دورہ منسوخ ہوگیا ہے ۔
معتبر ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق بہت ہی عجلت میں مہادائی مسئلہ کے تعلق سے شمالی کرناٹکا میں احتجاجی پد یاترا کا کانگریس پارٹی کی طرف سے منصوبہ بنایا گیا ہے اور بیلگام سیشن کے بعد سدارامیا 2 جنوری کو ہبلی پہنچ کر احتجاج میں حصہ لیں گے ۔ اس لئے شمالی کینرا دورہ پر سدارامیا کی آمد جلد ممکن نہیں ہو سکے گی ۔